LOADING

Type to search

عید الاضحی کی تقریبات

Share

مسلمانوں کو دو ایسے ایام عطا کیے گئے ہیں جس میں وہ جائز حدود میں رہ کر خوشیاں مناتے ہیں اور اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں۔ عید کے یہ ایام اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کے علامت ہیں۔ عید الاضحی انہیں عید کے ایام میں سے ایک ہے جس کے ذریعہ مسلمانوں کو یہ تعلیم دی گئی ہے کہ وہ اپنی زندگی اطاعت و اتباع اور تسلیم ورضا کے ساتھ بسر کریں۔ یہ در اصل سیدنا ابراھیم خلیل اللہ و سیدنا اسماعیل ذبیح اللہ علیھما السلام کی عملی قربانی کی یادگار ہے کہ جس طرح انہوں نے اللہ تعالٰی کے حکم کے سامنے سرتسلیمِ خم کر دیا ہمیں بھی اپنی پوری زندگی اسی رضا و رغبت کے ساتھ گزارنی چاہیئے اور اللہ تعالی کے حکم کو پورا کرنے میں کسی بھی عزیز شئے کی کوئی پرواہ نہیں کرنی چاہیئے۔

عید الاضحیٰ کی تقریبات دنیا بھر کے مسلمانان کرام اپنی اپنی تہذیب کے مطابق مختلف طریقوں سے مناتے ہیں، قربانی کا گوشت خود بھی کھاتے ہیں اور رشتہ داروں اور غریبوں میں بھی تقسیم کرتے ہیں، طرح طرح کے پکوان کا لطف اٹھاتے ہیں اور اللہ عز و جل کا شکر ادا کرتے ہیں۔

آئیے جانتے ہیں کہ عید الاضحیٰ کی تقریبات دنیا بھر کے مسلمانان کرام کس طرح سے مناتے ہیں، ایک ملک کے مسلمانوں کی عید الاضحیٰ کی تقریبات دوسرے ملک کے مسلمانوں سے کس طرح مختلف ہوتی ہیں۔

سعودی عرب میں عید الاضحی کی تقریبات

سعودی عرب میں عام طور پر اونٹ، بھیڑ یا بکری وغیرہ کی قربانی کی جاتی ہے۔ گوشت کو تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور اس کے دو حصے رشتہ داروں اور غریبوں میں بانٹ دیے جاتے ہیں۔ عید الاضحی کے موقع سے سعودی عرب کے تمام شہر میں ایک پرسکون ماحول ہوتا ہے کیونکہ زیادہ تر دکانیں اس موقع سے بند رہتی ہیں۔ چھوٹے شہروں اور دیہات کے علاقوں میں رنگا رنگ پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں اور سجاوٹ پر خاصا دھیان دیا جاتا ہے۔

عید الاضحی کی تقریبات

متحدہ عرب امارات میں عید الاضحی کی تقریبات

متحدہ عرب امارات میں عید الاضحی کی تقریبات روایتی رقص، سجاوٹ اور خصوصی کھانے کے ساتھ منائی جاتی ہیں۔ پورا ملک دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے اور تمام حکومتی و غیر حکومتی اداروں میں تین یا چار دنوں تک کی چھٹیاں دی جاتی ہیں۔

بھیڑ، بکری یا گائے کی قربانی کی جاتی ہے، بڑے جانوروں میں اکثر کچھ لوگ حصہ دار ہوکر قربانی کرتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں جو وہیں کے باشندے ہیں ان کے مردوں میں کندورہ (ایک لمبا سفید لباس) پہننا عام ہے جبکہ خواتین رنگ برنگ کپڑوں میں ملبوس ہوکر عید مناتی ہیں۔ ان کے یہاں خوشبو کا استعمال بہت عام ہے، مرد و خواتین عمدہ قسم کے خوشبو استعمال کرتے ہیں۔ عید کی راتوں میں بچے روایتی رقص پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے پروگرام بھی پیش کرتے ہیں، اپنے بڑوں سے عیدی حاصل کرتے ہیں اور خوشیاں مناتے ہیں۔

عید الاضحی کی تقریبات

مصر میں عید الاضحی کی تقریبات

عید الاضحی کو عید اللحم (گوشت کا عید) اور عید کبیر کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ اس کی تقریبات کا آغاز عید کی نماز کے لئے اکٹھا ہونے سے ہوتا ہے، عام طور پر مرد سفید کپڑے پہنتے ہیں جبکہ خواتین اور بچے رنگ برنگ پوشاک زیب تن کرکے عید الاضحی کی دورکعت نماز ادا کرتے ہیں۔ مصر میں قربانی کے موقع پر ایک روایتی ڈش کافی مشہور ہے جس کو مقامی حضرات ‘فتح’ کا نام دیتے ہیں۔ یہ ایک قسم کی بریانی ہوتی ہے جو چاول اور گوشت سے ملکر بنتا ہے اور کافی لذیذ ہوتا ہے۔

ہند و پاک میں عید الاضحی کی تقریبات

ہند و پاک میں عید الاضحی کو عام طور پر ‘عید قرباں’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ گائے، بکری، بھیڑ کی قربانی کی جاتی ہے، کچھ جگہوں پر اونٹ کی بھی قربانی کی جاتی ہے۔ پاکستان میں اس عید کی تیاری بڑے دھوم دھام سے کی جاتی ہے، جانوروں کو سجا کر منڈی تک لایا جاتا ہے، کچھ جانور تو اتنے قیمتی ہوتے ہیں کہ ان کی قیمت پوری دنیا میں وائرل ہوجاتی ہے۔ خاندان کے افراد جو اپنے کاموں کے سلسلے میں گھر سے دور مختلف جگہوں پر زندگی بسر کررہے ہوتے ہیں، سب عید قرباں کے موقع سے اکٹھا ہوتے ہیں اور ایک خوشگوار ماحول بن جاتا ہے۔ گوشت کی جتنی ڈشیں ہند و پاک میں بنائی جاتی ہیں، اتنی ڈشیں دنیا کے کسی اورگوشہ میں شاید ہی بنائی جاتی ہوں گی۔ مختلف قسم کے کباب، طرح طرح کی بریانی، پایا، نہاری وغیرہ بر صغیر میں بہت زیادہ مشہور ہے۔ مسلمانان کرام اس کا لطف اٹھاتے ہیں اور رزاق کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ترکی میں عید الاضحی کی تقریبات

ترکی میں عید الاضحی میں قربان کئے جانے والے جانوروں کو خوب سجایا جاتا ہے یہاں تک کہ کچھ علاقوں میں ان کو رنگ بھی چڑھایا جاتا ہے اور مہندی لگایا جاتا ہے۔ یہاں کچھ لوگ قربانی میں جانور ذبح نہ کرکے اس کے برابر رقم غریبوں میں بانٹنے کی بات کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس میں علماء کرام کی مختلف رائے ہے۔ راجح یہی ہے کہ قربانی میں جانور ذبح کرنا ہی مطلوب عمل ہے اور صدقہ کرنے کے لئے تو پورا سال وقت رہتا ہے۔ لوگ بہترین مقامی لباس میں ملبوس ہوکر نماز ادا کرتے ہیں اور خاندان کے افراد اور دوستوں کے ساتھ عید کی خوشیاں مناتے ہیں۔

عید الاضحی مبارک!

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *