سعودی وزارت حج و عمرہ نے”توکلنا” اور ”اعتمرنا“ نام سے دو ایپ جاری کیا ہے اور ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی کے تعاون سے ان ایپس کے ذریعہ ایک نیا اپ ڈیٹ جاری کیا ہے کہ عمرہ، زیارت اور مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی کے لئے اجازت نامے مقررہ ایپس کے ذریعہ جاری کئے جائیں گے۔
دونوں ایپس کے مابین تکنیکی انضمام کا مقصد رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر کو لاگو کرتے ہوئے مسجد الحرام کی ممکنہ آپریشنل صلاحیت کو بڑھانا ہے اور وزارت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر عمل پیرا ہونا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکومت کے ذریعہ مندرجہ ذیل ضابطے جاری کیے گئے ہیں:
پہلا:عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی اور زیارت کے لئے اجازت نامے یکم رمضان المبارک، 1442 هـ سے (توكلنا) ایپ میں موجود ویکسینیشن گروپس کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس (COVID-19) کے خلاف حفاظتی ٹیکے لگوانے والوں کو ہی دی جائیگی۔ ایپ کے مطابق صرف تین زمرے کے لوگوں کو عمرہ کی اجازت دی جائے گی۔ اول وہ جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں۔ دوم وہ جن لوگوں نے چودہ دن قبل ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے اور سوم وہ جو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسرا: عمرہ، نمازوں کی ادائیگی اور زیارت کے لئے اجازت نامے (توكلنا) اور (اعتمرنا) ایپس کے ذریعہ ہی دیے جائیں گے۔ ایسا اس لئے کیا گیا ہے تاکہ بیت ﷲ کی زیارت کو آنے والے رحمان کے مہمان کی خواہش کے مطابق، احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لاتے ہوئے اور مسجد الحرام کی ممکنہ آپریشنل صلاحیت کو دیکھتے ہوئے، دستیاب وقت کی سلاٹ فراہم کی جا سکے۔
تیسرا: اجازت نامے کے صحیح ہونے کی تصدیق (توكلنا) ایپ کے ذریعہ کی جائیگی۔ اجازت نامے سے مستفید ہونے والے کو اس ایپ پر اپنا ایک اکاؤنٹ بنانا ہوگا اور جانچ کا عمل براہ راست اسی اکاؤنٹ سے ہوگا۔
وزارت نے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے اور حکومت سے منظور شدہ پلیٹ فارم کے ذریعے اجازت نامے حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے اور ساتھ ہی عازمین حج اور عمرہ سے یہ درخواست کیا ہے کہ وہ فرضی اشتہارات سے بچیں جن کا مقصد عازمین کا استحصال کرنا ہی ہوتا ہے۔
عمرہ سیکیورٹی فورسز کے کمانڈر میجر جنرل محمد الاحمدی نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ، “ہم نے گزشتہ سال بڑی کامیابیاں حاصل کیں ،”۔ انہوں نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی زائرین عمرہ کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کے لئے ایک حفاظتی منصوبے کا انکشاف کیا کہ اجازت نامے کے بغیر مسجد الحرام تک رسائی ممکن نہیں ہے اور پورے مکہ مکرمہ میں ٹریفک اور سیکیورٹی کا معیار بہتر کرنے کے لئے جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور انہیں افرادی قوت اور ضروری آلات سے لیس کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ عمرہ ادا کرنے والوں اور نمازیوں کے لئے راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ سماجی دوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس کام کے لئے حکومت کی طرف سے جگہ جگہ سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ اجازت نامے کے بغیرعمرہ ادا کرنے یا مسجد الحرام میں داخل ہونے والے افراد کو بھاری مالی جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
وزارت حج و عمرہ نے رمضان المبارک میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کی آمد کے طریقہ کار اور ضابطے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت کے مطابق عازمین کو عمرہ کی ادائیگی سے 6 گھنٹے قبل مکہ مکرمہ کے کیئر سینٹر پر جانا ہوگا جہاں وہ سعودی وزارت صحت سے منظور شدہ ویکسی نیشن گائیڈ لائنز کے مطابق اپنی کورونا ویکسی نیشن کا اسٹیٹس چیک کروائیں گے۔
وزارت کے مطابق کیئر سینٹر میں زائرین کو ایک بریسلیٹ دیا جائے گا جو انہیں لازمی طور پر پہننا ہوگا اس کے بعد انہیں الشبیکہ سینٹر جانے کی ہدایت کی جائے گی جہاں عازمین عمرہ اپنا بریسلیٹ دکھائیں گے اور اسکے ذریعے ان کے ڈیٹا اور اجازت نامے کی تصدیق کی جائے گی۔
وزارت نے اپنے بیانات میں زور دیکر کہا ہے کہ عازمین عمرہ اپنے لئے تعین کردہ وقت کی پابندی کریں اور کسی بھی صورت میں اس سے تجاوز نہ کریں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز تراویح اورقیام لیل کو مختصر کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ ایسا اس لئے کیا گیا ہے تاکہ عالمی وبا کرونا وائرس سے عازمین عمرہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔