LOADING

Type to search

حج 2021 – عازمین کی صحت کی حفاظت سب سے مقدم

Share

حج 2021 کے لئے مملکت سعودی عرب احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کے پختہ ارادہ کے ساتھ پوری طرح تیار ہے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانا اس کے اولین ترجیح میں شامل ہے۔

رواں سال حج کے موسم میں سال 2019 کے مقابلے میں جس میں 25 لاکھ حجاج کرام نے فریضۂ حج ادا کیا تھا، حاجیوں کی تعداد کافی کم ہوگی۔

حج 2021: لگاتار دوسرے سال بھی صرف سعودی عرب کے رہائشیوں کو حج ادا کرنے کی اجازت

سعودی وزارت حج و عمرہ نے کچھ دنوں قبل حج 2021 کے لئے قواعد و ضوابط کا اعلان کیا جس میں بنیادی طور پر یہ کہا گیا کہ کورونا کی دوسری لہر، جس نے دنیا کے مختلف ممالک میں تباہی مچادی، کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سال بھی حج کی ادائیگی کی اجازت صرف سعودی عرب کے رہائشیوں کو دی گئی ہے۔

گذشتہ سال کورونا کی وجہ سے حاجیوں کی تعداد کو صرف دس ہزار تک محدود کر دیا گیا تھا، جبکہ رواں سال اس تعداد کو بڑھا کر ساٹھ ہزار کردیا گیا ہے اور اس بات کا خاص طور پر خیال رکھا گیا ہے کہ حجاج کرام تمام ارکان کو معاشرتی فاصلے کے ساتھ ادا کریں۔

حج 2021حج 2021: سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جاری کردہ قواعد و ضوابط

وزارت نے اپنے بیان میں زور دے کر کہا ہے کہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند شخص کا کسی بھی لاعلاج مرض میں مبتلا نہ ہونا، 18 سے 65 سال کے درمیان کے عمر کا ہونا اور سعودی عرب کے ویکسی نیشن اقدامات کے مطابق حفاظتی ٹیکوں کی دونوں خوراک کا حاصل کیا ہوںا ضروری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘وزارت حج و عمرہ نے یہ فیصلہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر کیا ہے اور لوگوں کی حفاظت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر جاری کئے گئے ہیں جن کی پیروی کرنا عازمین کے لئے ضروری ہے۔

حج کے علاوہ اگر ہم عمرہ ادا کرنے اور مسجد الحرام میں جماعت کے ساتھ پنج وقتہ نماز ادا کرنے کی بات کریں تو اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جو تازہ ترین معلومات حاصل ہوئی ہیں وہ یہ ہیں کہ فی الحال بیس ہزار افراد روزانہ عمرہ ادا کرسکتے ہیں جب کہ ساٹھ ہزار نمازیوں کو روزانہ مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ ہر جگہ وبائی مرض کورونا وائرس کے کیسیز کے بالکل کم ہوجانے بلکہ ختم ہوجانے کے بعد ہی پہلے کی طرح تعداد کو محدود کئے بغیر عمرہ ادا کرنے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔

حج 2021: تقاضے اور طریقہ کار

سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے بیان میں حج 2021 کے لئے اندراج کے تقاضوں اور طریقہ کار کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج کے لئے رجسٹریشن کی اجازت صرف سعودی عرب کے شہریوں اور رہائشیوں کو دی جائے گی، عازمین الیکٹرانک پورٹل کے ذریعہ رجسٹریشن کراسکیں گے، خواتین محرم کے بغیر حج ادا کرنے کے لئے اپنا نام اندراج کر سکتی ہیں۔ حج ادا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو انفرادی طور پر اپنا رجسٹریشن کرنا ہوگا۔

وزارت نے رواں سال حج کے لئے تین طرح کے پیکیجز کا اعلان کیا ہے، پہلے پیکیج کی قیمت 12,113 سعودی ریال طے کی گئی ہے اور اسے (Hospitality Package Camps) کا نام دیا گیا ہے، دوسرے پیکیج کی قیمت 14,381 سعودی ریال ہے اور اس کا نام (Distinguished Hospitality Camps) ہے جبکہ تیسرے اور سب سے عمدہ پیکیج کی قیمت 16,560 اور اسے (Distinguished Hospitality Towers) کا نام دیا گیا ہے۔

2021 میں حج ادا کرنے کے لئے رجسٹریشن کرنا سعودی عرب کے شہریوں اور رہائشیوں میں سے انہیں لوگوں کے لئے ممکن ہوگا جنہوں نے گذشتہ پانچ سالوں میں حج ادا نہیں کیا ہوگا۔

وزارت نے سعودی عرب کے شہریوں اور رہائشیوں کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ وہ حج سروس مہیا کرانے کے نام پر کھلی جعلی کمپنیوں سے اپنے آپ کو بچائے رکھیں جس کا آسان طریقہ یہ ہیکہ وہ وزارت کے ویب سائٹ https://localhaj.haj.gov.sa پر جاکر اس کمپنی کا نام چیک کرلیں جس سے وہ حج سروس کی خدمات لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزارت نے مزید واضح کیا ہے کہ ارکان حج کی ادائیگی کے دوران حاجیوں کو اپنے ساتھ سمارٹ کارڈ اور حکومت کی طرف جاری کیا گیا اجازت نامہ ہر وقت اپنے ساتھ رکھنا لازمی ہے۔ حکومت کے عملہ کو یہ مجاز ہوگا کہ وہ اس دوران کسی بھی وقت حاجیوں کے سمارٹ کارڈ سے ان کے شناختی کارڈ اور اجازت نامے کو ملا کر دیکھ لے۔

وزارت نے اپنے بیان میں تمام حجاج کرام کے لئے یہ ہدایت جاری کیا ہے کہ وہ حج کی ادائیگی کے دوران حکومت کی جانب سے جو احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اس پر سختی سے عمل کریں اور خود کے ساتھ ساتھ دوسروں کے مبارک سفر کو یقینی طور پر محفوظ بنائیں، وزارت نے مزید یہ واضح کیا ہے کہ تمام حجاج کرام کی نگرانی کے لئے اور ان کی صحت کی حفاظت کے لئے جگہ جگہ تھرمل کیمرے لگا دئے گئے ہیں۔

بیان کے آخر میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے یہ کہا کہ وہ عازمین کی صحت کی حفاظت کے لئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی تاکہ حج کا یہ مبارک سفر محفوظ طریقہ سے انجام پا جائے۔

اللہ عز و جل سے دعا گو ہوں کہ وہ تمام حجاج کرام کو حج مبرور کی سعادت سے نواز دے، آمین۔

سعودی وزارت حج و عمرہ ۔ رمضان 2021 میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے نئے قواعد و ضوابط

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *